1 جون 2012 - 19:30

جینوا میں اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے کہا ہےکہ شام میں دہشتگردوں کے لئے ہتھیاروں کی اسمگلنگ جاری رہنے سے شام میں داخلی جنگ شروع ہوجائے گي۔

ابنا: سید محمد رضا سجادی نے جینوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلا س میں کہا کہ شام کی حکومت کے مخالفین کو ہتھیار دینے اور ان کی مالی حمایت سے شام کو بھر پور داخلی جنگ کا خطرہ ہے اور اس کے سارے علاقے کے لئے خطرناک نتائج نکلیں گے۔

سجادی نے شام کے شہر الحولہ میں عوام کے قتل عام کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات شام میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

 قابل ذکرہے شام میں امریکہ اور اسکے عرب اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشتگرد سرگرم عمل ہیں، امریکہ مغربی ممالک اور ان کے عرب اتحادی شام کی حکومت کو گراکر صہیونی ریاست کے خلاف جاری مزاحمت کے ایک اہم محاذ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

ادھر شام کی پارلیمنٹ کے ایک رکن شریف شحادۃ نے کہا ہے کہ شام میں کسی بھی طرح کی فوجی مداخلت کا شدید جواب دیا جائے گا۔

شریف شحادۃ نے العالم سے گفتگو میں کہا کہ جو لوگ اپنے ملک کا دفاع نہیں کرنا چاہتے انہیں ملک میں رہنے کا بھی حق نہیں ہے اور ملت شام اپنے ملک کا بھر پور دفاع کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں سے مقابلہ کرنے کی توانائي رکھتی ہے لیکن چاہتی ہےکہ کوفی عنان کا مشن بخیر و خوبی مکمل ہوجائے۔.......

/169